لکھنؤ،5 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اسمبلی انتخابات قریب آنے کے درمیان اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے گزشتہ دنوں دیئے گئے اشارہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے صوبے کے 18سال یا اس سے زیادہ عمر کے مستحق لوگوں کو مفت سماج وادی اسمارٹ فون دینے کا آج اعلان کر دیا۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے یہاں بتایا کہ وزیر اعلی نے سماج کے سبھی طبقوں کی سہولت کے لیے حکومت کی طرف سے جلد ہی سماج وادی اسمارٹ فون اسکیم شروع کرے گی۔اس کے لیے ایک ماہ کے اندر آن لائن رجسٹریشن کی کارروائی شروع ہو جائے گی۔اسمارٹ فون کی تقسیم 2017کی دوسری ششماہی میں ’پہلے اندراج ، پہلے پاؤ‘کے نظام کے ذریعے کی جائے گی ۔ماہرین وزیر اعلی کے اس اعلان کو ماسٹر اسٹروک قراردے رہے ہیں ۔انتخابات سے پہلے یہ اعلان کیا گیا ہے اورتقسیم کا وقت اگلے سال کی دوسری ششماہی طے کی گئی ہے، یعنی اگر اگلی حکومت بھی سماج وادی پارٹی کی بنی، تو ہی لوگوں کو اس اسکیم کا فائدہ مل سکے گا۔غورطلب ہے کہ اکھلیش نے گذشتہ 31؍اگست کو ایک پروگرام میں ریاست کی عوام کو انفارمیشن انقلاب کی نئی دنیا سے جوڑنے کے لیے سبھی کو مفت موبائل فون دینے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سماج وادی پارٹی کے انتخابی منشور کا بھی حصہ ہو گا۔ترجمان نے بتایا کہ فون کے لیے آن لائن درخواست دینے والے کے لیے اتر پردیش کا شہری ہونا ضروری ہے اور یکم جنوری 2017کو اس کی عمر کم از کم 18سال ہونی چاہیے۔سرکاری ملازمت کرنے والے شخص درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔اس کے علاوہ اگر درخواست گزار کا سرپرست بھی سرکاری ملازت میں ہے تو وہ بھی درخواست نہیں دے سکے گا۔